بھارتی شہر چنئی میں جین انٹرنیشنل ٹریڈ آرگنائزیشن کے پروگرام ’اِن کنورسیشن وِد دی مسٹک‘ میں روحانی رہنما سدھ گرو اور بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کے درمیان دلچسپ گفتگو ہوئی، جس میں والدین کی ذمے داریوں، خوف اور زندگی گزارنے کے انداز پر بات کی گئی۔
عالیہ بھٹ نے سدھ گرو سے سوال کیا کہ پریشان والدین کے لیے کیا مشورہ ہے؟ اس پر سدھ گرو نے جواب دیا کہ ’پریشان والدین اچھے والدین نہیں ہوتے، کیونکہ زیادہ فکر ناصرف خود کو نقصان دیتی ہے بلکہ بچوں پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔
سدھ گرو نے کہا کہ بچوں کو سکھانے کے بجائے ان سے سیکھنا چاہیے۔
اُنہوں نے عالیہ سے پوچھا کہ ان کی ساڑھ 3 سالہ بیٹی راہا زیادہ خوش ہے یا وہ خود؟
عالیہ نے اس سوال کے جواب کہا کہ راہا زیادہ خوش ہے، اس پر سدھ گرو نے کہا کہ بچے زندگی کے زیادہ قریب ہوتے ہیں، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو غور سے دیکھیں اور ان سے جینا سیکھیں۔
اُنہوں نے کہا کہ 3 سے 6 سال کے بچے عموماً خوش اور ہنسی سے بھرپور ہوتے ہیں جبکہ بڑے لوگ زندگی کو پیچیدہ بنا لیتے ہیں، آج کے دور میں انسان کو خوش کرنے اور خوش ہونے کے لیے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔
گفتگو کے دوران نیند کے موضوع پر بھی بات کی گئی۔
سدھ گرو نے بتایا کہ میں روزانہ صرف 4 سے ساڑھے 4 گھنٹے سوتا ہوں جبکہ عالیہ نے کہا کہ میں 8 سے 9 گھنٹے سوتی ہوں۔
اس پر سدھ گرو نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ پھر آپ جیتی کب ہیں؟