بھارتی میڈیا ایک بار پھر اپنے غیر پیشہ ورانہ، یکطرفہ انداز اور غیر متعلقہ سوالات کی وجہ سے تنقید کی زد میں آ گیا۔
بھارتی صحافی مادھو داس جی کے پروگرام میں تجزیے کے لیے مدعو کیے گئے جیفری گنٹر سے پاکستان کے حوالے سے سوالات کیے گئے، جس میں پاکستان کو ایک غیر محفوظ اور مشکل ملک کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔
تاہم سابق امریکی سفارتکار اس انداز پر برہم ہو گئے اور انہوں نے بھارتی میڈیا کو اسکول کے بچوں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سنجیدہ مسائل کے بجائے غیر ضروری باتوں پر توجہ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کو مہنگے ایندھن یا بے گناہ جانوں کے ضیاع جیسے اہم معاملات کی فکر نہیں، بلکہ وہ معمولی موضوعات میں الجھا ہوا ہے۔
جیفری گنٹر نے مزید کہا کہ اگر میڈیا اسی طرح غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرتا رہا تو اسے سزا کے طور پر کونے میں کھڑا ہونا پڑے گا۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو خوب پذیرائی مل رہی ہے اور صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ اب وہ کہیں گے یہ اے آئی ہے، جبکہ ایک اور نے کہا کہ 30 منٹ کی سزا والا حصہ زبردست تھا، ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ اب انہیں بین الاقوامی سطح پر سبق ملنے کے بعد سکون ملا ہوگا۔