• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر لندن نے امریکی ٹیک کمپنی کا میٹ پولیس کے ساتھ ہونے والامعاہدہ روک دیا

میئر لندن سر صادق خان نے اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی کے لیے استعمال ہونے والی اے آئی اور نگرانی کی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی امریکی ٹیک کمپنی پلانٹئیر کا میٹ پولیس کے ساتھ ہونے والا 50 ملین پاؤنڈ کا معاہدہ روک دیا۔

صادق خان کا کہنا ہے کہ اس معاہدے میں عوامی فنڈز کے استعمال کے قواعد کی واضح اور سنگین خلاف ورزی ہوئی ہے۔

میٹ پولیس پلانٹئیر کے اے آئی نظام کو جرائم کی تحقیقات میں انٹیلیجنس تجزیے کو خودکار بنانے کے لیے استعمال کرنا چاہتی تھی۔

میئر کے ترجمان نے کہا ہے کہ لندن کے عوام چاہتے ہیں کہ سرکاری رقم صرف ایسی کمپنیوں پر خرچ کی جائے جو شہر کی اقدار سے ہم آہنگ ہوں۔

میٹ پولیس کا کہنا ہے کہ عملے کی کمی کے باوجود مؤثر طریقے سے کام جاری رکھنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی ناگزیر ہے۔

سٹی ہال کے مطابق میٹ پولیس نے خریداری کی حکمتِ عملی منظوری کے لیے متعلقہ ادارے کے سامنے پیش نہیں کی، جبکہ پلانٹئیر کے برطانیہ میں چیف ایگزیکٹو لوئیس موزلی نے کہا ہے کہ سر صادق خان کے اس فیصلے سے دشمن ریاستوں اور مجرموں کو فائدہ ہوگا اور وہ عوامی تحفظ پر سیاست کو ترجیح دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پلانٹئیر نے برطانیہ میں عوامی خدمات کے شعبے میں تیزی سے توسیع کی ہے اور نیشنل ہیلتھ سروس، وزارتِ دفاع اور دیگر اداروں کے ساتھ 600 ملین پاؤنڈ سے زائد کے معاہدے کیے ہیں۔

اس کمپنی کی بنیاد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ارب پتی حامی پیٹر تھیل نے رکھی تھی، کمپنی اسرائیلی فوج اور ٹرمپ انتظامیہ کی آئی سی ای امیگریشن کارروائیوں میں معاونت فراہم کرتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید