امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ خلیجی اتحادی آبنائے ہرمز پر ہماری مدد شروع کر چکے ہیں، ہم ناکہ بندی کرنے جا رہے ہیں، اس میں کچھ دیر لگے گی، بہت سے ممالک مدد کیلئے آئیں گے۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو صاف کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا، نیٹو اب آبنائے ہرمز کے معاملے میں مدد کرنا چاہتا ہے، میرے خیال سے بہت سے ممالک اب مدد کے لیے آئیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ برطانیہ اور دیگر ممالک بھی مائن سوئپرز بھیج رہے ہیں، ہفتے کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دو امریکی جہازوں کو کسی نے کچھ نہیں کیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت آخر تک بہت دوستانہ رہی، ایرانی تہذیب کو مٹا دینے والی سوشل میڈیا پوسٹ کی وجہ سے ایرانی مذاکرات کی ٹیبل پر آئے، ایرانیوں نے بارگینگ ٹیبل نہیں چھوڑی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میری پیش گوئی ہے کہ ایرانی واپس آئیں گے اور ہمیں وہ سب دیں گے جو ہم مانگ رہے ہیں، یہ سب ختم ہونے پر تیل و گیس کی قیمتیں بالآخر کم ہو جائیں گی، تیل و گیس کی قیمتیں مڈٹرم الیکشن سے پہلے کم ہوسکتی ہیں یا شاید تھوڑی زیادہ بھی ہو سکتی ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو ہتھیار فراہم کرنے والے ممالک پر 50 فیصد ٹیرف کے بیان میں چین بھی شامل ہے، نیٹو کا دوبارہ سے جائزہ لیں گے، نیٹو نے ہمارا ساتھ نہیں دیا تھا۔