امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران پیسا چاہتا ہے اور سب سے اہم ایران جوہری ہتھیار چاہتا ہے، ہم پوری طرح تیار اور مسلح ہیں، مناسب وقت پر ہماری فوج ایران میں جو کچھ بچا ہے ختم کر دے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران امریکا ملاقات بہت اچھی رہی، بہت سے نکات پر اتفاق ہوا ہے، جو نکتہ زیادہ مسئلے والا ہے جوہری ایران کے ساتھ اسی پر اتفاق نہیں ہوا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی بہترین بحریہ آبنائے ہرمز سے آنے جانے والے تمام بحری جہازوں کو روکنے کا عمل فوری شروع کر دے گی، کسی وقت میں ہم ہرمز سے سب کو آنے جانے کی اجازت دینے کی بنیاد پر پہنچ جائیں گے، ایران نے ایسا نہیں ہونے دیا کہا وہاں بارودی سرنگ ہے، جس کے بارے میں ایران کے علاوہ کوئی نہیں جانتا۔
امریکی صدر نے کہا کہ یہ عالمی بھتہ خوری ہے اور دیگر ممالک خصوصاً امریکا کبھی بھتہ نہیں دے گا، جو کوئی غیر قانونی ٹول دے گا اسے محفوظ بحری راستا نہیں ملے گا، آبنائے ہرمز میں ایرانیوں کی بچھائی گئی سرنگوں کو بھی تباہ کرنا شروع کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم پر یا پُرامن جہازوں پر حملہ کرنے والے ایرانیوں کو جہنم رسید کر دیا جائے گا، ایران کو بہتر معلوم ہے کہ اس صورتحال کا کیسے خاتمہ کیا جا سکتا ہے جو ان کے ملک کو پہلے ہی تباہ کر چکی ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ ختم ہوچکی، طیارہ شکن اور ریڈار ناکارہ ہوگئے، خامنہ ای اور ایران کے زیادہ تر رہنما دنیا میں نہیں رہے، یہ سب ایران کی جوہری خواہش کی وجہ سے ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے ہرمز کھولنے کا وعدہ کیا تھا اور جان کر ایسا کرنے میں ناکامی دکھائی، ایران کہتا ہے پانی میں بارودی سرنگیں لگائی ہیں، ایران کی تمام بحریہ اور بیشتر بارودی سرنگیں بچھانے والے تباہ ہوچکے ہیں، شاید ایران نے ایسا کیا ہو لیکن کون سا جہاز کا مالک خطرہ مول لینا چاہے گا؟
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایران کی ساکھ کے لیے بڑی بے عزتی اور مستقل نقصان ہے، ایرانی رہنماؤں کے پاس کیا بچا ہے؟ لیکن ہم ان باتوں سے آگے بڑھ گئے ہیں، بہتر ہوگا کہ ایران وعدے کے مطابق آبی گزر گاہ جلد کھولنے کا عمل شروع کر دے، ایران کی طرف سے ہر قانون کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔