• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثابت ہوگیا، پاکستان دنیا کے معاملات سلجھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، فضل الرحمان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا، پاکستان دنیا کے معاملات سلجھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مردان میں دستور اسلام کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان نے حال میں جو کردار ادا کیا، ہم برسوں سے اس کے متقاضی تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج عالمی ممالک ہماری سرزمین پر بیٹھ کر دنیا کے لیے امن چاہتے ہیں، ثابت ہوگیا کہ پاکستان دنیا کے معاملات سلجھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ آج ہماری جدوجہد رنگ لے آئی ہے، ہم پاکستان کو اسی مقام پر دیکھنا چاہتے تھے، پاکستان کے عوام اور امت مسلمہ مودی اور یہودی کے گٹھ جوڑ کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل عرب کی سرزمین پر ایک دہشت گرد اور ناجائز ریاست ہے، جو کئی سال سے مظلوم فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ہم اسرائیل کو تسلیم کرنےکے حق میں بالکل نہیں ہیں، ہم پہلے ہی کہہ چکے تھےکہ اسرائیل کا ایران تک پہنچ جانا پاکستان کے دروازے پر دستک دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے قیمت لوگ ہم پر مسلط کردیے گئے ہیں، نواز شریف اور زرداری سر جھکا سکتے ہیں،جے یو آئی سر نہیں جھکا سکتی، آج ہماری مٹی پر خون بہہ رہا ہے مسلح گروپ آزاد گھوم رہے ہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ حکومت دھاندلی سے لی گئی ہے،ایسی حکومت مانتا ہوں نہ اس کی پیروی کروں گا، جس طرح جعلی نوٹ نہیں چلتا اس طرح جعلی حکومت بھی نہیں چلتی،مارکیٹ میں قیمت نہیں ہوتی۔

قومی خبریں سے مزید