پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے بڑی اہم ہے۔
لاہور میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ ویمن ٹی 20 لیگ شروع کرنے کی بہت ضرورت ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو لیگ کے لیے باہر جانے کا بھی موقع ملنا چاہیے، اس سے ویمن کرکٹرز کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز بڑی اہمیت کی حامل ہے، آئی سی سی چیمپئین شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے ون ڈے سیریز سے رینکنگ پوائنٹس ملیں گے جبکہ ٹی20 سیریز سے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع ملے گا۔
وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سخت گروپ کا نہیں سوچنا چاہیے، بس اپنے اوپر یقین ہونا چاہیے، ٹی 20 ایسا فارمیٹ ہے کہ اس میں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہرا سکتی ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ویمن کرکٹرز کی فٹنس اور فیلڈنگ ہمارے لیے فکر مندی والے شعبے ہیں، اسی وجہ سے سب سے زیادہ ان پر فوکس کیا ہے، پہلے کراچی اور پھر لاہور میں کیمپس لگائے اور ان پر کام کیا ہے، کھلاڑیوں کی کارکردگی میں جو بہتری نظر آئی ہے اس کی وجہ فٹنس کا بہتر ہونا ہے، اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط کر رہے ہیں ، کھیل کے بارے میں آگاہی کی بھی کمی ہے، اس پر بھی مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔
وہاب ریاض نے یہ بھی کہا کہ ویمن کرکٹرز کو مین کرکٹرز کے مقابلے میں کم میچز ملتے ہیں، ایکسپوژر کی کمی ہے، اسی لیے انٹرنیشنل کرکٹ جب کھیلتی ہیں تو کم میچز کے تجربے کی وجہ سے فیصلے نہیں کر پاتیں، کھلاڑیوں کو اپنے اوپر یقین نہیں ہوتا کہ وہ یہ کر پائیں گی یا نہیں۔
واضح رہے کہ زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 4 مئی کو کھیلا جائے گا۔