معروف پاکستانی یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ نے اپنے بیٹے کیوان سلطان کی مبینہ وائرل ویڈیو سے متعلق اہم وضاحت پیش کر دی۔
رجب بٹ کے یوٹیوب پر تقریباً 80 لاکھ سبسکرائبرز اور انسٹاگرام پر لگ بھگ 20 لاکھ فالوورز ہیں، حالیہ دنوں ایک ویڈیو کے باعث خبروں میں رہے جس میں وہ اپنے بیٹے کے ساتھ دکھائی دیے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے صارفین میں شدید بحث کو جنم دیا ہے، تاہم رجب بٹ نے اس کی حقیقت واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے بنائی گئی ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
رجب بٹ کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو اے آئی سے تیار کی گئی ہے اور حقیقی نہیں ہے، اگر مجھے اپنے بیٹے کا چہرہ دکھانا ہوتا تو میں خود اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کرتا، میرے دوستوں نے کوئی ویڈیو لیک نہیں کی، لوگ دراصل اس اے آئی ویڈیو پر ردِعمل دے رہے ہیں جو ان کی مجھ سے محبت کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدا تمام بچوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے، میں نے طلاق سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کا بھی جواب دے دیا ہے، خدا ہمارے لیے آسانی فرمائے۔
واضح رہے کہ رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کی شادی شاندار انداز میں ہوئی تھی، تاہم دونوں زیادہ عرصہ ساتھ نہ رہ سکے، شادی کے کچھ عرصے بعد رجب بٹ بیرونِ ملک چلے گئے جبکہ ایمان فاطمہ حمل کے باعث پاکستان میں ہی رہیں۔
بعد ازاں رجب بٹ کے مبینہ تعلقات کی خبریں بھی سامنے آئیں اور اب دونوں کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے، دونوں کا ایک بیٹا کیوان سلطان ہے جو اس وقت اپنی والدہ کے ساتھ رہ رہا ہے۔