• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاصم اظہر نے رجب بٹ تنازع پر خاموشی توڑ دی، وضاحت جاری

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے اپنے نئے گانے تو ہے وہی دل نے جسے اپنا کہا کے کور ورژن پر ہونے والی تنقید اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ کی حمایت کے بعد پیدا ہونے والے تنازع پر وضاحت پیش کر دی۔

عاصم اظہر کے گانے کو سوشل میڈیا پر ملے جلے ردِعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں متعدد صارفین نے گانے پر تنقید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کلاسک گیت کو خراب کر دیا۔

بعد ازاں رجب بٹ نے عاصم اظہر کے گانے کی حمایت میں ایک لپ سنک ویڈیو شیئر کی، جس پر عاصم اظہر نے ان کا شکریہ ادا کیا، تاہم رجب بٹ کی حمایت قبول کرنے پر گلوکار کو مزید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور سوشل میڈیا صارفین نے اس فیصلے کو نامناسب قرار دیا۔

بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی کا شکریہ ادا کرنا اور محبت کا اظہار کرنا اس بات کی عکاسی نہیں کرتا کہ میری سوچ اور اقدار بھی وہی ہیں، میں اپنے مداحوں اور سپورٹرز کے تحفظات کو سمجھتا ہوں اور ان سے اتفاق کرتا ہوں، لیکن میرا مقصد صرف محبت کا جواب محبت سے دینا تھا، معاملہ اتنا گہرا نہیں تھا۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں لکھا ہے کہ مداح میرے نئے گانوں اور میٹھے آموں سے لطف اندوز ہوتے رہیں۔

عاصم اظہر کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے، بعض مداحوں کا کہنا ہے کہ گلوکار کو رجب بٹ کی حمایت حاصل نہیں کرنی چاہیے تھی، جبکہ رجب بٹ کے حامی عاصم اظہر پر تنقید کر رہے ہیں کہ انہوں نے عوامی ردِعمل کے بعد خود کو رجب بٹ سے دور کر لیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید