بالی ووڈ سپر اسٹارز سلمان خان اور شاہ رخ خان کی سیکیورٹی پر ہونے والے اخراجات سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئیں۔
یہ انکشاف معروف سیکیورٹی کنسلٹنٹ یوسف ابراہیم نے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔
انٹرویو میں یوسف ابراہیم نے کہا ہے کہ سلیبریٹیز کی اصل آمدن یا سیکیورٹی گارڈز کی تنخواہوں کے درست اعداد و شمار عام طور پر سامنے نہیں آتے اور ان کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے۔
انہوں نے شاہ رخ خان کے باڈی گارڈ روی سنگھ کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں روپے ماہانہ تنخواہ کی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہوتیں۔
یوسف ابراہیم کے مطابق سلمان خان کے دیرینہ باڈی گارڈ شیرا کا اپنا سیکیورٹی بزنس بھی ہے اور وہ متعدد کاروبار چلا رہے ہیں، اس لیے اگر ان کی آمدن زیادہ ہے تو وہ صرف باڈی گارڈ کی تنخواہ کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کے ذاتی کاروبار کا نتیجہ بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ باڈی گارڈز کی ماہانہ تنخواہ 10 سے 12 لاکھ روپے تک ہو سکتی ہے، تاہم اس سے زیادہ یا کروڑوں روپے ماہانہ کمانے کی افواہیں درست نہیں ہیں۔