نجومی کی سلمان خان اور شاہ رخ خان کی موت سے متعلق پیش گوئی پر مداح برہم ہو گئے، جنہوں نے نجومی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے 2 بڑے سپر اسٹارز سلمان خان اور شاہ رخ خان کے بارے میں مشہور نجومی سشیل کمار سنگھ کی حالیہ پیش گوئی نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔
نجومی نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں اداکار ایک ہی عمر میں دنیا سے رخصت ہوں گے، جس پر مداحوں نے سخت ردِعمل دیا اور ان کے بیان کو غیر ضروری قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں سشیل کمار سنگھ نے کہا کہ شاہ رخ خان کی موجودہ زندگی کافی مستحکم ہے، لیکن سلمان خان کے لیے آنے والے سال خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید پیش گوئی کی کہ سلمان خان جلد کسی بڑی بیماری میں مبتلا ہوں گے اور دونوں خان 67 سال کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوں گے۔
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے نجومی کے بیان کو غیر سنجیدہ اور بے بنیاد قرار دیا، جبکہ کچھ نے طنزاً پوچھا کہ کیا وہ اپنی موت کی تاریخ بھی بتا سکتے ہیں؟
کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ دوسروں کی زندگی اور موت کے بارے میں ایسی قیاس آرائیاں کرنا ناصرف غیر اخلاقی بلکہ بے حد نامناسب بھی ہے۔
اب تک سلمان خان اور شاہ رخ خان نے اس معاملے پر کوئی ردِعمل نہیں دیا، اور دونوں اپنی آنے والی فلموں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
شاہ رخ خان اپنی اگلی فلم کنگ پر کام کر رہے ہیں، جس میں ان کی بیٹی سُہانا خان بھی ڈیبیو کر رہی ہیں، فلم کی شوٹنگ اسی ماہ (مارچ 2025ء) شروع ہو گی اور 2026ء میں ریلیز متوقع ہے۔
سلمان خان اپنی بڑی فلم سکندر کے لیے تیار ہیں جس میں ان کے ساتھ رشمیکا منڈانا مرکزی کردار ادا کریں گی، یہ فلم اس عید پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔