بھارتی معروف پلے بیک سنگر جوبین نوٹیال نے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرتے ہوئے مبینہ طور پر اپنی دیرینہ محبوبہ سے خفیہ شادی کر لی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گلوکار نے یہ شادی نہایت سادگی سے اور نجی انداز میں انجام دی، 36 سالہ گلوکار نے اپنے آبائی شہر اترا کھنڈ میں محدود تقریب کا اہتمام کیا، جس میں صرف قریبی خاندان کے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کو جان بوجھ کر سادہ اور نجی رکھا گیا تاکہ غیر ضروری توجہ سے بچا جا سکے، گلوکار نے بڑی اور شاندار تقریب کے بجائے روایتی اور سادہ شادی کو ترجیح دی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جوبین نوٹیال ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے اپنے خاص دن کو صرف اپنے عزیزوں کے ساتھ منایا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گلوکار کی دلہن کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے آئی ہیں، گلوکار نے خود بھی شادی سے متعلق کوئی تصویر یا باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ جوبین نوٹیال 14 جون 1989ء کو دہرادون، اتراکھنڈ میں پیدا ہوئے اور وہ بھارتی فلمی صنعت کے معروف پلے بیک سنگر ہیں، جنہیں آئیفا، فلم فیئر اور زی سینے ایوارڈز سمیت متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔