امریکی ریاست لوزیانا کے شہر شریوپورٹ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شیر خوار بچے سمیت 8 بچوں کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہفتے کی شب ایک مسلح شخص نے شہر کے 3 مختلف گھروں میں اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 10 افراد گولیوں کا نشانہ بنے، جن میں سے 8 ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں کی عمریں ایک سال سے 14 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
شریوپورٹ پولیس کے ترجمان کرسٹوفر بورڈی لون نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بعض مقتولین مبینہ طور پر حملہ آور کے اپنے خاندان یا اولاد میں شامل تھے۔
فائرنگ کے بعد ملزم نے ایک گاڑی چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے تعاقب کے بعد اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ انتہائی وسیع تھا، جس میں ایک ہی گلی کے دو گھروں اور قریب واقع تیسرے گھر کو شامل کیا گیا ہے۔
شریوپورٹ پولیس چیف وین اسمتھ نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور حملے کے محرکات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔