وائٹ ہاؤس کی جانب سے متعارف کرائی گئی متنازع ویب سائٹ Aliens.gov نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) نے ملک بھر کے تقریباً 12 ہزار شہروں اور قصبوں میں تقریباً 5 لاکھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ویب سائٹ کے اپنے اعداد و شمار نے اس وقت نئی بحث چھیڑ دی جب یہ انکشاف سامنے آیا کہ گرفتار شدگان میں 700 سے زائد امریکی شہری بھی شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے They Walk Among Us (وہ ہمارے درمیان چلتے پھرتے ہیں) کے عنوان سے ایک ویڈیو جاری کرنے کے بعد Aliens.gov ویب سائٹ لانچ کی، ابتداء میں سوشل میڈیا صارفین نے گمان کیا کہ شاید یہ یو ایف او یا خلائی مخلوق سے متعلق کوئی اعلان ہو گا، تاہم بعد میں واضح ہوا کہ ویب سائٹ دراصل ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسیوں اور غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کارروائیوں کو اجاگر کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ نے ملک بھر میں لاکھوں افراد کو گرفتار کیا، لیکن ڈیٹا کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ کم از کم 715 مقامات پر گرفتار افراد میں امریکی شہری بھی شامل تھے، جبکہ 83 مقامات پر درج تمام گرفتار شدگان امریکی شہری تھے، اس انکشاف کے بعد ناقدین نے ویب سائٹ کے اعداد و شمار اور طریقۂ کار پر سوالات اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔
ویب سائٹ میں مختلف شہروں کے ساتھ گرفتار شدگان کے مبینہ جرائم بھی درج کیے گئے ہیں، ہزاروں مقامات پر امیگریشن کی خلاف ورزی بنیادی الزام کے طور پر درج ہے جبکہ متعدد مقامات پر عوامی امن میں خلل جیسی خلاف ورزیاں بھی شامل کی گئی ہیں، تاہم پانچویں حصے سے زائد مقامات پر کسی قسم کے فوجداری الزامات کا اندراج ہی موجود نہیں۔
مزید حیران کن امر یہ ہے کہ امریکی علاقے پورٹوریکو کو بعض مقامات پر الگ دائرۂ اختیار کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور ایک جگہ اسے ان غیر ملکی علاقوں کی فہرست میں بھی شامل کر دیا گیا ہے جہاں سے گرفتار شدگان تعلق رکھتے تھے، حالانکہ پورٹوریکو کے باشندے امریکی شہری ہوتے ہیں۔
بعد ازاں وائٹ ہاؤس نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ویب سائٹ کا ڈیٹا محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی سے حاصل کیا گیا تھا اور ابتدائی مرحلے میں اس میں چند ایسے مقدمات بھی شامل ہو گئے تھے جو امیگریشن سے متعلق نہیں تھے، وضاحت کے بعد ویب سائٹ کے ڈیٹا میں تبدیلی کی گئی اور گرفتاریوں کی تعداد میں 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد کی کمی واقع ہوئی۔
دوسری جانب انسانی حقوق کے کارکنوں اور امیگریشن پالیسی پر نظر رکھنے والی تنظیموں نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے صرف خطرناک مجرموں کے خلاف کارروائی کا مؤقف سرکاری اعداد و شمار سے مکمل طور پر ثابت نہیں ہوتا، مختلف تحقیقی رپورٹس کے مطابق حالیہ عرصے میں ایسے افراد کی گرفتاریوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے جن کے خلاف کوئی فوجداری سزا موجود نہیں تھی، جبکہ 170 سے زائد امریکی شہری بھی امیگریشن حکام کی کارروائیوں کی زد میں آ چکے ہیں۔
تحقیقی جریدے وائرڈ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ویب سائٹ پر موجود انکاؤنٹر کاؤنٹر (Encounter Counter) بھی حقیقی اعداد و شمار کی عکاسی نہیں کرتا بلکہ یہ ایک مصنوعی شمارندہ (یعنی کاؤنٹر یا گننے والا) ہے جسے ویب سائٹ کے کوڈ کے ذریعے بڑھایا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس میں دکھائی جانے والی تعداد سرکاری گرفتاریوں کے اعداد و شمار سے کئی گنا زیادہ ہے۔
ناقدین کے مطابق Aliens.gov امیگریشن کے مسئلے کو سیاسی رنگ دینے اور تارکینِ وطن کو غیر انسانی انداز میں پیش کرنے کی ایک کوشش ہے، جبکہ حامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ ویب سائٹ امریکی عوام کو امیگریشن نفاذ کی کارروائیوں سے آگاہ کرنے کے لیے بنائی گئی ہے، تاہم اس میں موجود تضادات اور متنازع اعداد و شمار نے اس کی ساکھ پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔