ایران فوج نے تجارتی بحری جہازوں اور آئل ٹینکرز کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی اجازت کے بغیر اور مقرر کردہ روٹ سے ہٹ کر آبنائے ہُرمُز سے سفر کی کوشش کے نتائج خطرناک ہوں گے۔
ایک بیان میں ایرانی فوج نے کہا کہ آبنائے ہُرمُز پر ایران کا کنٹرول مستحکم ہے۔ تمام تجارتی جہاز اور آئل ٹینکرز ایران سے اجازت لے کر اور مقررہ روٹ سے ہی آبنائے ہُرمُز عبور کر سکتے ہیں۔
ایرانی فوج نے کہا کہ جو ایسا نہیں کرے گا وہ خود اپنے لیے اور دیگر جہازوں کی ٹریفک کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہُرمُز کھولنے کے اعلان کے بعد پچھلے 24 گھنٹوں میں 24 بحری جہازوں نے آبنائے کو عبور کرلیا۔ صدر ٹرمپ نے کل ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ 24 جہاز ایرانی بحریہ کے تعاون سے آبنائے ہُرمُز سے نکلے ہیں۔ ان جہازوں میں تیل بردار ٹینکرز اور کنٹینر بردار بحری جہاز شامل تھے۔