• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا میں فورسز کے آپریشن، بھارتی سرپرستی یافتہ 34 خوارج ہلاک

فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 34 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 13 تا 15 اکتوبر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جن میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشتگرد مارے گئے۔

سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں بھی خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 18 خوارج ہلاک ہوئے۔

ان آپریشنز پر وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے 34 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا، سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام کی حفاظت اور ملکی سالمیت کی خاطر دہشت گردی کے خلاف تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشتگردی مہم مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی۔

علاوہ ازیں صدرِ مملکت نے کہا کہ شمالی و جنوبی وزیرستان اور بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں قابلِ فخر ہیں، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں سے ملک میں امن و استحکام کی صورتحال بہتر ہوئی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رکھنا ہوں گے، ریاست بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو جڑ سے ختم کردے گی۔

قومی خبریں سے مزید