بھارتی ٹیلی ویژن کے معروف اداکار پارتھ سمتھان نے مداحوں کی جانب سے اپنے ڈرامےکا موازنہ پاکستانی ڈرامے سے کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
پارتھ سمتھان آج کل بھارتی ڈرامہ سیریل ’سحر ہونے کو ہے‘ میں ایک مسلمان آدمی کا کردار ادا کر رہے ہیں، یہ ایک رومانوی ڈرامہ ہے جسے مداحوں کی جانب سے اچھا ردِعمل مل رہا ہے اور مداح اس بھارتی ڈرامے کا موازنہ مشہور پاکستانی ڈرامے ’میری زندگی ہے تو‘ سے کرتے نظر آ رہے ہیں۔
بھارتی اداکار نے اپنے ڈرامے کا موازنہ ایک پاکستانی ڈرامے سے کیے جانے پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس بارے میں ایمانداری سے بات کروں گا، بھارت میں بہت سارے لوگ پاکستانی ڈرامے دیکھتے ہیں اور پسند کرتے ہیں۔
اُنہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خود بہت سارے پاکستانی ڈرامے اور پروگرامز دیکھے ہیں، میں نے ’میری زندگی ہے تو‘ بھی دیکھا ہے، تو یہ بہت اچھی بات اور قابلِ تعریف ہے۔
پارتھ سمتھان نے بلال عباس سے اپنے موازنے کے بارے میں کہا کہ موازنہ کہہ لیں یا مداحوں کا پیار، لیکن اہم چیز یہ ہے کہ آپ کو لوگوں کا پیار مل رہا ہے ورنہ محنت تو سب ہی لوگ کرتے ہیں، لیکن کامیابی قسمت والوں کو ہی ملتی ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ سب قسمت کا کھیل ہے، اگر آپ پر اوپر والے کا فضل ہے تو آپ کو لوگوں کا پیار بھی ملنا شروع ہوجائے گا۔