• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکار سمرجیت سنگھ کی پاکستانی ڈراموں کی تعریف، بھارتی ڈراموں پر تنقید

بھارتی اداکار سمرجیت سنگھ ــــ فائل فوٹو
بھارتی اداکار سمرجیت سنگھ ــــ فائل فوٹو 

معروف بھارتی اداکار سمرجیت سنگھ نے پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی سنیما اور آرٹ قابلِ تعریف ہے۔

سمرجیت سنگھ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ایک پاکستانی سیریل دیکھا رہا تھا جس میں بہت سادہ سی کہانی تھی اوربہترین اداکاری تھی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈراموں میں اگر ایک لڑکی سیڑھیوں سے گر رہی ہے تو وہ ایک ہفتے تک گرتی رہتی ہے، ساتھ میں میوزک اور سین میں موجود تمام افراد کا کلوز اپ شاٹ لیا جاتا ہے، کچھ بھی کر کے صرف 22 منٹ کے ڈرامے کی فوٹیج پوری کرنی ہے، حالانکہ نہ بجٹ اور نہ ہی انفرااسٹرکچر کی کمی ہے لیکن پھر بھی وہی 20 سال پرانے طرز پر چل رہے ہیں۔

بھارتی اداکار نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ہاں! ہمارے ڈراموں میں اب ناگنیں اور چڑیلیں شامل ہو گئی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر سنیما اور آرٹ کے نقطۂ نظر سے دیکھیں تو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری تعریف کے قابل ہے، ہم کہتے ہیں کہ ٹی وی اور ٹی وی سیریل کا زمانہ نہیں رہا، ایسا کچھ نہیں ہے، فلم ہو، سیریز ہو یا ٹی وی سیریل ہی کیوں نہ ہو، اگر اچھے بنائیں گے تو لوگ پسند کریں گے لیکن اچھا بناؤ تو سہی۔

سمرجیت سنگھ نے بتایا کہ میں نے کئی بار سیریل کے آڈیشن دیے ہیں تو مجھ سے کہا جاتا ہے کہ اوور ایکٹنگ کرو کیونکہ یہ ٹی وی سیریل ہے۔

اُنہوں نے اپنی ویڈیو کے آخر میں کہا کہ ہماری ٹی وی انڈسٹری کو خود کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور اگر اس کے لیے پاکستانیوں سے کچھ سیکھنا پڑے تو اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید