• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ون ویلر ز کو روکنے کی حکمت عملی بڑی حد تک کامیاب رہی،سی پی او راولپنڈی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) یوم آزادی پر راولپنڈی پولیس کی مؤثر حکمت عملی کے باعث ون ویلرز اپنی حسرتیں پوری نہ کر سکے۔ گزشتہ کچھ برسوں سے یوم آزادی کے موقع پر 13اگست کی رات اور 14اگست کو صبح سے لیکر رات گئے تک راولپنڈی کی اکثر شاہراہوں پر موٹر سائیکل سوار ویلنگ کرتے اور دوڑیں لگاتے دکھائی دیتے تھے جس کی وجہ سے کئی حادثات بھی پیش آتے تھے اور گھروں سے نکلنے والے افراد باالخصوص فیملیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اس سال راولپنڈی پولیس نے ون ویلنگ روکنے کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی اور جگہ جگہ ناکے لگائے گئے جہاں ضلعی پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ سی پی او راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس دفعہ ہم نے پالیسی تبدیل کرتے ہوئے بڑی سڑکوں پر کم فاصلے پر ناکہ بندی کرائی اور ناکے پر سڑک کے ایک جانب بیریئر رکھ کر ٹریفک کی روانی کو کم کیا گیا تاکہ ون ویلرز کو کرتب دکھانے کیلئے کوئی سپیس نہ ملے سکے۔ فلائی اوورز اور کمیٹی چوک انڈر پاس پر ون ویلنگ روکنے کیلئے کئی بار ٹریفک بند کرائی گئی اور یہ حکمت عملی بڑی حد تک کامیاب رہی۔ جہاں کوئی ون ویلنگ کرتا نظر آیا اُسے قابو کر لیا گیا۔ اس حکمت عملی سے شہر میں ٹریفک پھنسنے کی شکایات تو آئیں لیکن ون ویلنگ روکنے کیلئے یہ حربہ کامیاب رہا۔ سی پی او نے بتایا کہ دونوں دنوں میں وہ خود‘ ایس ایس پی آپریشنز‘ ڈویژنل ایس پیز‘ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے سڑکوں پر نکل کر خود نگرانی کی۔ اُنہوں نے کہا کہ والدین کو بھی چاہئے اپنے بچوں کی نگرانی کریں اور اُنہیں ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیل سے روکیں۔ 
تازہ ترین