• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی اتحاد میں اختلاف: جرمنی و اٹلی نے اسرائیلی تجارتی معاہدہ معطلی کی کوشش ناکام بنا دی

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

اسپین، سلووینیا اور آئر لینڈ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ، مغربی کنارے اور لبنان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف یورپی اتحاد اور اسرائیل کے درمیان تجارتی معاہدہ معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس کو جرمنی اور اٹلی نے ناکام بنا دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق لکسمبرگ میں ہونے والے اجلاس میں جرمن وزیرِ خارجہ نے اس تجویز کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تنقیدی مگر تعمیری بات چیت جاری رکھنا ضروری ہے۔

دوسری جانب اٹلی نے بھی اس مؤقف کی حمایت کی اور واضح کیا کہ اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق اجلاس کے دوران اسپین نے زور دیا کہ یورپی ممالک کو عالمی عدالت اور اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے اصولوں کی پاسداری کرنی چاہیے ورنہ یہ یورپی اتحاد کی ناکامی ہو گی۔

تینوں ممالک نے اپنے مشترکہ خط میں مؤقف اختیار کیا کہ اسرائیل کے اقدامات بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کے خلاف ہیں اور 1995ء کے معاہدے کی خلاف ورزی ہیں، تینوں ممالک نے غزہ کی بگڑتی انسانی صورتِ حال اور مغربی کنارے میں بڑھتے تشدد پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ یورپی جائزے میں بھی اشارہ دیا گیا تھا کہ اسرائیل ممکنہ طور پر معاہدے کی شرائط پوری نہیں کر رہا تاہم اختلافات کے باعث کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جا سکا۔

آئر لینڈ، اسپین اور سلووینیا نے اسرائیلی آباد کاریوں کے خلاف الگ اقدامات بھی شروع کیے ہیں جبکہ تینوں ممالک فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر چکے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید