پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ رمشا خان کی شادی کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے ایک پرانے انٹرویو کا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں اُنہوں نے شادی کے ساتھ کیریئر جاری رکھنے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
رمشا خان نے حال ہی میں ساتھی اداکار خوشحال خان سے شادی کر لی ہے جس کی تصاویر دونوں نے خود اپنے مداحوں کے ساتھ انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں۔
شادی کے بعد اب سوشل میڈیا پر ان کا جو ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے اس میں اُنہیں شادی کے بعد شوبز سے بریک لینے کے ارادے کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے انٹرویو میں کہا تھا کہ بہت ساری لڑکیاں ایسی بھی ہیں جو کام نہیں کرنا چاہتیں، وہ صرف اپنا گھر بنانا چاہتی ہیں اور ہاؤس وائف بننا چاہتی ہیں، تو اس میں کوئی بری بات نہیں ہے بلکہ ہاؤس وائف ہونا بھی ایک بڑی ذمے داری ہے۔
وائرل کلپ میں اُنہوں نے عائزہ خان اور حرا مانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تمام اداکارائیں جو اپنے کیریئر کے ساتھ اپنے گھر اور بچے بھی سنبھال رہی ہیں اور ان کے بچے کھانا بھی صرف ان کے ہاتھ کا ہی بنا ہوا کھاتے ہیں تو میں جب انہیں دیکھتی ہوں تو کہتی ہوں اللّٰہ میں شادی کروں گی تو شاید گھر پر ہی بیٹھوں گی، کیونکہ ہم سے تو نہیں ہو پائے گا یہ سب۔
رمشا خان نے ویڈیو کلپ میں کہا ہے کہ میں شادی کے بعد ایکٹنگ نہیں کر سکوں گی، میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں ایک وقت میں ایک کام ہی کرسکتی ہوں، اگر میں شوٹنگ پر ہوں تو میں گھر کے مسئلے مسائل نہیں دیکھ سکتی، میں رو پڑتی ہوں، میرے ساتھ ایسا ہو چکا ہے، میرا دل چھوٹا سا ہے، میں نہیں کر سکوں گی۔
واضح رہے کہ اب شادی کے بعد رمشا خان نے اپنے سوشل اکاؤنٹ سے اپنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر دی ہیں۔
اس حوالے سے شوبز انڈسٹری کے نامور میزبان حسن چوہدری نے رمشا خان کی مینجر ثمرہ خان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اداکارہ اپنے کیریئر سے بریک لے رہی ہیں اور یہ فیصلہ اُنہوں نے پچھلے سال دسمبر میں ہی کر لیا تھا۔