وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے ملاقات کی ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اسحاق ڈار، احسن اقبال، عطاء تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان و چین کے مضبوط دو طرفہ تعلقات پر اطمینان ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری پر فخر ہے اور دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان قریبی تعاون کے ذریعے ان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتِ حال اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔