اے آئی……
’’اے آئی ہماری ملازمتیں کھا جائے گی‘‘ میں نے اپنے دوستوں سے کہا۔
سب پریشان تھے، مگر مجو مطمئن و مسرور بیٹھا رہا۔
میں چلایا: جس طرح گاڑیاں آنے سے تانگے بے کار ہوئے،
اسی طرح اے آئی انسانوں کو بے وقعت کر دے گی،
اسکرپٹ رائٹنگ ، ویڈیو میکنگ، کوڈنگ، ٹیچنگ سب اے آئی کرے گی۔
مجو نے جماہی لی۔ ایسا کچھ نہیں ہوگا،
بے فکر رہو، اے آئی ایک مخلص دوست ہے، دشمن نہیں۔
اس کا ا رادہ انسان کی جگہ لینا نہیں، بلکہ اس کی مدد کرنا ہے۔
اور تمہیں یہ باتیں کس نے بتائیں؟ میں طنزاً مسکرایا۔
دراصل مجھے یہ باتیں… مجو گڑبڑا گیا۔ خود اے آئی نے بتائی تھیں۔
’’یعنی اس نے تمہارے دماغ کی جگہ لے لی ہے‘‘۔ میں ہنسا۔
او ر میرے ساتھ میرے موبائل میں موجود اے آئی ٹولز بھی ہنسنے لگے۔