عالمی سیاست ہمیشہ سے مفادات، طاقت اور حکمتِ عملی کا کھیل رہی ہے، مگر حالیہ دنوں میں اس کھیل نے ایک نیا رنگ اختیار کر لیا ہے،ایسا رنگ جس میں سفارت کاری، جذبات، میڈیا اور ذاتی تعلقات سب ایک ہی اسٹیج پر نظر آتے ہیں۔ اٹلی کی وزیرِاعظم جارجیا میلونی، فرانس کے صدر میکرون اور امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ کے گرد گھومتی حالیہ کہانی بھی کچھ ایسی ہی ہے، جس میں بظاہر معصوم سفارتی ملاقاتیں دراصل بڑے جغرافیائی اور سیاسی تضادات کو بے نقاب کر رہی ہیں۔یہ کہنا شاید مبالغہ نہ ہو کہ آج کی دنیا میں ڈپلومیسی اب صرف بند کمروں میں ہونے والے سنجیدہ مذاکرات کا نام نہیں رہی، بلکہ یہ ایک باقاعدہ پرفارمنس بن چکی ہے جہاں کیمرہ، زاویہ اور تاثر اصل پالیسی سے زیادہ اثر انداز ہونے لگے ہیں۔ رہنما اب صرف فیصلے نہیں کرتے بلکہ انہیں اس انداز میں پیش بھی کرتے ہیں کہ وہ عوامی رائے پر گہرا اثر چھوڑیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایک معمولی سا لمحہ بھی عالمی سطح پر ایک بڑی بحث کو جنم دے سکتا ہے۔پیرس میں میلونی اور میکرون کی ملاقات بظاہر ایک روایتی سفارتی سرگرمی تھی، مگر جس انداز میں اس ملاقات کو دیکھا اور دکھایا گیا، اس نے اسے ایک منفرد حیثیت دے دی۔ میکرون کا میلونی سے گلے ملنا،چہرے پر بوسہ دینا گرمجوش استقبال، مسکراہٹیں اور قربت کا اظہار،یہ سب کچھ اس طرح سامنے آیا کہ سوشل میڈیا نے اسے فوری طور پر ایک ڈپلومیٹک رومانس کا رنگ دے دیا۔ بظاہر یہ ایک سادہ سا منظر تھا، مگر اس کے اندر چھپا پیغام بہت گہرا تھا، کیونکہ یہ وہ وقت ہے جب یورپ اندرونی اختلافات اور بیرونی دباو کا شکار ہے۔ایسے حالات میں جب یورپی رہنما ایک دوسرے کے قریب نظر آتے ہیں تو یہ صرف ایک ذاتی تعلق کا اظہار نہیں ہوتا بلکہ ایک سیاسی پیغام بھی ہوتا ہے کہ یورپ اپنے اندر اتحاد پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہی وہ نکتہ ہے جس نے اس ملاقات کو عام سفارتی روایت سے بڑھ کر ایک بڑی علامت بنا دیا۔اسی پس منظر میں جب ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان سامنے آتا ہے کہ میلونی ’بدل گئی ہیں‘، تو یہ محض ایک جذباتی ردعمل نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا سیاسی اشارہ ہے۔ ٹرمپ ہمیشہ سے اپنی بات سادہ مگرپُر اثر انداز میں کہتے ہیں، اور جانتے ہیں کہ ایک جملہ بھی عالمی بیانیے کو بدل سکتا ہے۔ میلونی کے حوالے سے یہ بات اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ انہیں ایک وقت میں ٹرمپ کے نظریاتی حلقے کے قریب سمجھا جاتا تھا۔ ان کی سیاست میں وہ عناصر موجود ہیں جو ٹرمپ کے بیانیے سے ملتے جلتے ہیں، مگر اب جب وہ یورپ کے ساتھ زیادہ ہم آہنگ نظر آتی ہیں تو یہ تبدیلی ٹرمپ کیلئے قابلِ قبول نہیں لگتی۔اصل مسئلہ ایران کے معاملے سے جڑا ہوا ہے، جو اس وقت عالمی سیاست کا ایک اہم محور بن چکا ہے۔ ٹرمپ کا موقف ہمیشہ سے سخت رہا اور حالیہ بیانات میں بھی انہوں نے ایران کیخلاف جارحانہ پالیسی کا عندیہ دیا ہے۔ ان کے نزدیک طاقت کا استعمال ایک مو ثر ذریعہ ہے، جبکہ یورپ، خاص طور پر فرانس، سفارت کاری اور مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے۔ یہی بنیادی فرق امریکہ اور یورپ کے درمیان اختلافات کو بڑھا رہا ہے۔میلونی اس صورتحال میں ایک مشکل توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ایک طرف انہیں یورپی یونین کے اجتماعی فیصلوں کا حصہ بننا ہے، اور دوسری طرف امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی برقرار رکھنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا ہر قدم اور ہر بیان خاص اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔یہ تمام صورتحال نیٹوکے اندر موجود اختلافات کو بھی واضح کرتی ہے۔ امریکہ چاہتا ہے کہ یورپ اس کی قیادت کو تسلیم کرے، جبکہ یورپ اب زیادہ خودمختاری کی طرف بڑھ رہا ہے۔ فرانس خاص طور پر ایک ایسے یورپ کی بات کر رہا ہے جو اپنے فیصلے خود کرے اور عالمی سیاست میں ایک آزاد کردار ادا کرے۔ پیرس میں میلونی اور میکرون کی قربت کو اسی تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ آج کی سیاست میں میڈیا کا کردار بھی فیصلہ کن ہو چکا ہے۔ ایک تصویر، ایک لمحہ یا ایک مختصر ویڈیو پوری دنیا میں پھیل کر ایک نیا بیانیہ تشکیل دے سکتی ہے۔ پیرس کی ملاقات بھی اسی حقیقت کی ایک مثال ہے، جہاں ایک عام سفارتی لمحہ ایک بڑی عالمی بحث میں تبدیل ہو گیا۔ٹرمپ اس صورتحال کو بخوبی سمجھتے ہیں، ان کا بیان بھی اسی حکمت عملی کا حصہ تھا، جسکے ذریعے انہوں نے نہ صرف میلونی بلکہ پورے یورپی بیانیے کو چیلنج کرنے کی کوشش کی۔عالمی سیاست میں ہر فیصلہ، ہر ملاقات اور ہر بیان ایک حکمت عملی کے تحت ہوتا ہے، اور ہر قدم کے پیچھے کوئی نہ کوئی مقصد ہوتا ہے۔میلونی بھی اسی عالمی کھیل کا حصہ ہیں۔ ان کا مقصد صرف اپنے ملک کی سیاست نہیں بلکہ یورپ میں اپنی پوزیشن کو بھی مضبوط کرنا ہے۔آج کی دنیا میں طاقت کی تعریف بھی بدل چکی ہے۔ اب صرف فوجی یا معاشی طاقت ہی اہم نہیں رہی بلکہ تاثر اور امیج بھی ایک بڑی طاقت بن چکے ہیں۔ میکرون کا نرم اور دوستانہ انداز ایک قسم کی سافٹ پاور کی مثال ہے، جبکہ ٹرمپ کا سخت اور براہِ راست انداز ہارڈ پاور کی نمائندگی کرتا ہے۔ میلونی ان دونوں کے درمیان ایک توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، اور یہی ان کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ پیرس کا وہ منظر، ٹرمپ کا بیان اور ایران کا مسئلہ یہ سب ایک ہی کہانی کے مختلف حصے ہیں۔ یہ کہانی ہمیں بتاتی ہے کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عالمی سیاست کے اصول بھی تبدیل ہو رہے ہیں۔ ایسے میں ضروری ہے کہ ہم صرف ظاہری مناظر کو نہ دیکھیں بلکہ ان کے پیچھے چھپی حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کریں۔