• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: خاتون پروفیسر کو مکان خالی کروانے کی کوشش پر کرائے دار فیملی نے قتل کردیا

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 49 سالہ پروفیسر دیبوسمیتا پال کو مکان خالی کروانے کی کوشش پر قتل کردیا گیا۔ پولیس نے مغربی بنگال سے ایک میاں بیوی اور ان کے کمسن بیٹے کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق دیبوسمیتا پال دہلی یونیورسٹی کے شیواجی کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر تھیں، 4 جون کو مشرقی دہلی کے وسندھرا انکلیو میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔

تحقیقات کے مطابق ملزمان، رام پرشاد داس، ان کی اہلیہ بنشری داس اور ان کا کمسن بیٹا، 2023 سے مغربی بنگال کے ضلع بردھمان میں پروفیسر کی آبائی جائیداد میں مقیم تھے۔ پروفیسر بارہا انہیں جائیداد خالی کرنے کا کہتی رہی تھیں، جس پر دونوں فریقوں کے درمیان تنازع جاری تھا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ نے حال ہی میں ملزمان کو جائیداد خالی کرنے کے لیے آخری وارننگ دی تھی، جس کے بعد مبینہ طور پر قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔ ملزمان 3 جون کو دہلی پہنچے اور شناخت چھپانے کے لیے مبینہ طور پر دوسرے افراد کے شناختی کارڈ ( آدھار کارڈ)کی تفصیلات استعمال کرتے ہوئے ایک گیسٹ ہاؤس میں قیام کیا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان مقتولہ کے فلیٹ پہنچے اور جائیداد کے تنازع پر بات چیت کے دوران انہیں قتل کر دیا۔ بعد ازاں فلیٹ کو باہر سے تالا لگا کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل فون نگرانی اور تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔

حکام کے مطابق ملزمان واردات کے بعد ٹیکسی اور رکشے کے ذریعے آنند وہار پہنچے اور وہاں سے ریلوے اسٹیشن جا کر ٹرین کے ذریعے مغربی بنگال فرار ہوگئے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مقتولہ کا موبائل فون، واردات میں استعمال ہونے والا مبینہ استرا، کپڑے، ٹوپی، بیگ اور ٹرین ٹکٹیں بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب مقتولہ کی بہن بار بار رابطہ نہ ہونے پر فلیٹ پہنچی۔ دروازہ باہر سے بند ہونے پر انہوں نے تالا توڑا اور اندر جا کر لاش دیکھی۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ گرفتار افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید