ڈیفنس ساحل سمندر پر واقع کلب میں شاندار میوزیکل کنسرٹ، بین الاقوامی شہرت یافتہ سنگرز کی پرفارمنس، عفان گروپ، مصطفیٰ زاہد، طلحہ انجم، حاوی سمیت جینزی نے دھوم مچا دی، رات گئے تک کریک کلب میں ہزاروں موسیقی کے دیوانے جھوم اٹھے۔
تفصیلات کے مطابق چند برسوں میں بعض ایسے سنگرز سامنے آئے ہیں، جو نوجوانوں کے دل کی دھڑکن بن گئے۔ ان سنگرز میں حسن رحیم، پل پل سونگ فیم عفان، طلحہ انجم اور حاوی و دیگر شامل ہیں۔
ایسے ہی فنکاروں کو یکجا کر کے ایک زبردست کنسرٹ کا انعقاد ڈی ایچ اے میں کیا گیا، جس میں ہزاروں شائقین موسیقی نے شرکت کی۔
نوجوانوں نے گانوں سے بھرپور لطف اٹھایا، جبکہ ریپ اور راک پرفارمنس نے سماں باندھ دیا تھا۔ اسٹیج پر پرفارمرز کی انرجی اور حاضرین کا جوش ایک ساتھ نظر آیا، اور ہر طرف موسیقی کا جادو چھایا ہوا تھا۔
جینزی فنکاروں نے اسٹیج سنبھالا اور اپنی پرفارمنس سے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ کنسرٹ میں دھیمے اور اونچے سروں کا منفرد امتزاج دیکھنے کو ملا، جہاں نوجوانوں نے دل کھول کر انجوائے کیا اور اپنے پسندیدہ گانوں کے ساتھ ہم آواز بھی ہوئے۔
ہر طرف خوشیاں رقص کرتی دکھائی دے رہی تھیں۔ سب سے زیادہ داد و تحسین گلوکار حاوی کو ملی، انہوں نے اپنی انٹری پر شائقین موسیقی پر اسٹیج سے پھول نچھاور کیے۔ رات گئے تک موسیقی کا جادو چلاتا رہا۔