بھارتی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکار بھرت کپور 80 برس کی عمر میں چل بسے، اداکار اوتار گل نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ تین روز سے علیل تھے اور ان کے متعدد اعضا نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق بھرت کپور 15 اکتوبر 1945 کو پیدا ہوئے اور انہوں نے تقریباً چار دہائیوں پر محیط شاندار فنی سفر طے کیا۔ انہوں نے 1970 کی دہائی میں اداکاری کا آغاز کیا اور جلد ہی بالی ووڈ میں اپنی الگ پہچان بنا لی۔
وہ اپنی گہری آواز، جاندار تاثرات اور منفی کرداروں کی مضبوط اداکاری کے لیے مشہور تھے۔
ان کی نمایاں فلموں میں قربان، نوری، بازار، غلامی ، منڈی اور رئیس زادہ شامل ہیں، فلموں کے علاوہ انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں بھی بھرپور کام کیا۔