• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی مذاکرات کار امریکا سے ڈیل کیلئے سنجیدہ ہیں، مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں ایرانی مذاکرات کار امریکا سے ڈیل کے لیے سنجیدہ ہیں۔

فوکس نیوز سے گفتگو میں مارکو روبیو نے کہا کہ ایرانی مذاکرات کار موجودہ خرابی سے نکلنا چاہتے ہیں لیکن ایرانی حکومتی قیادت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، وہ مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی حکومتی قیادت ابھی مزید وقت لینا چاہتی ہے۔ ایران کی اقتصادی حالت بری ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ ایرانی مذاکرات کار امریکا سے ڈیل کے لیے سنجیدہ ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ایران کو جن مسائل کا سامنا جنگ سے پہلے تھا، وہ آج بھی موجود ہیں مہنگائی زوروں پر ہے، ایران کو قحط سالی کا بھی سامنا ہے، ان کے لیے اپنے ملازمین کو تنخواہیں دینا بھی مشکل ہے۔

مارکو روبیو نے دعویٰ کیا کہ ایران کے میزائل آدھے رہ چکے ہیں، میزائل بنانے کی فیکٹریاں ختم ہوچکی ہیں، نہ ایران کی فضائیہ بچی ہے نہ ایران کی نیوی بچی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ سے پوچھا گیا کہ اگر ایران مذاکرات نہیں کرے گا تو امریکا کیا کرے گا؟

مارکو روبیو نے جواب دیا کہ یہ فیصلہ تو صدر ٹرمپ لیں گے وہ تو بس اتنا ہی کہیں گے کہ ایران پر لگی اقتصادی پابندیاں غیر معمولی ہیں، تہران پر پابندیوں کا بہت دباؤ ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ وہ دباؤ مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔

مارکو روبیو نے کہا کہ موجودہ تنازع سے دنیا نے دیکھ لیا کہ ایران کتنا بڑا خطرہ ہے، ایران اپنے ایٹمی ہتھیار سے دنیا کے ساتھ جو کرنا چاہتا ہے وہی کام اس وقت ایران اپنے تیل سے دنیا کے ساتھ کر رہا ہے، وہ دنیا کو یرغمال بنانا چاہتا ہے تاکہ وہ جو چاہے کر سکے، یہ ناقابل قبول ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید