کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سنیٹر سراج الحق نے کہا ہےکہ دولت کی بنیاد پر پاکستان کے اقتدار پر قابض حکمرانوں نے قوم سے بے وفائی اور پاکستان کے نظریے سے غداری کی، حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان دو لخت ہوا اور اسے اس کی منزل اسلامی انقلاب سے محروم کر دیا گیا،کوئٹہ وبلوچستان پر خوف کا پہرہ ہے،شہر خون آلود اور عوام اپنی سلامتی کی فکر میں ہیں،حکمرانوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا اور خواب غفلت سے بیدار نہ ہوئے تو ملک کسی بڑے سانحہ سے دوچار ہوسکتاہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے ارکان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر جماعت اسلامی کوئٹہ کے امیر مولاناعبدالکبیر شاکر،حافظ نورعلی،پروفیسر مولاناعبدالخالق مندوخیل نے بھی خطاب کیا،سراج الحق نے پر بم دھماکے میں شہید ہونے والے وکلاء صحافی ودیگرکی مغفرت درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبرجمیل اورزخمیوں کی صحت یابی کیلئے بھی دعا کی،سراج الحق نے کہا کہ،کوئٹہ دھماکے نے کئی گھروں کو اجاڑدیا نہ صرف لواحقین غم سے نڈھال ہیں بلکہ پوری قوم صدمے سے دوچاراور پورے ملک کے عوام غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں، حکومت امن کی بحالی،کرپشن کے خاتمے اور عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے وکلاء اورصحافیوں کی قربانی ضرور رنگ لائےگی، کوئٹہ اوربلوچستان میں بدامنی بم دھماکےہوں اور پاکستان ترقی کرئے ایسا ممکن نہیں ،چوروں ،لٹیروں اور عوام کی جان ومال سے کھیلنے والوں کو سزادیناوقت کی اہم ضرورت ہے ملک کے ایک کونے میں عوام غمزدہ افسردہ پریشان اوربدحال ہوںاور دوسرے کونے میں شادیانے بجیں یہ قوم کو قبول نہیں۔