• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ججز کا موقف سنے بغیر پسند ناپسند پر تبادلہ عدلیہ پر حملہ ہے، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ججز کا موقف سنے بغیر پسند ناپسند پر تبادلہ کرنا عدلیہ پر حملہ ہے۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر بیرسٹر علی ظفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں ججز کا تبادلہ اکثریت سے ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ججز کا تبادلہ آزاد عدلیہ کے تصور کے خلاف ہے، تمام ہائیکورٹس میں ججز کی تعداد مکمل ہے، ججز کا تبادلہ عدلیہ کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ججز کے تبادلہ سے قبل رولز بننے چاہیے تھے، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد رولز بنانے کا پہلے جوڈیشل کمیشن اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ججز کا تبادلہ کسی فرد کا کام نہیں، ججز نے جب حلف لیا تھا تو آئین میں لکھا تھا مرضی کے بغیر تبادلہ نہیں کیا جائے گا، ججز کا موقف سنے بغیر پسند نا پسند پر تبادلہ عدلیہ پر حملہ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو رات انجکشن کے لیے اسپتال لایا گیا، بانی چیئرمین کی صحت کا معاملہ سنجیدگی سے لیا جائے۔ بانی اور بشریٰ بی بی کا علاج ذاتی معالجین سے کرایا جائے، بہترین علاج معالجہ دونوں شخصیات کا بنیادی حق ہے۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ آج بھی بانی پی ٹی آئی سے اہل خانہ کی ملاقات نہیں ہو سکی، مقبول لیڈر کو دیوار میں چُن دیں، ایسے ملک نہیں چل سکتا۔

قومی خبریں سے مزید