بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بانی کے ٹیسٹ اور علاج فیملی کی موجودگی میں کرانے کا مطالبہ کردیا۔
اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم بانی پی ٹی آئی کا کیا علاج ہو رہا ہے، میرا بھائی صحت مند انسان ہے، اس کا ایمان مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا خیال تھا قید تنہائی میں ڈال کر بانی پی ٹی آئی کو توڑیں گے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹیسٹ اور علاج فیملی کے موجودگی میں کرائیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی پارٹی کے وکلاء سے ناراض ہیں، کہاں ہیں وہ وکلاء جو منتخب ہوکر آئے ہیں، جیسے ہم آکر اڈیالہ کے باہر بیٹھتے ہیں وہ بھی آکر بیٹھ جائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پارٹی بانی پی ٹی آئی کی ہے، ان کے نام پر ووٹ لے کر یہ لوگ اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، ہمیں لوگ کہتے ہیں جب لیڈرشپ ہی نہیں آتی تو ہم کیوں آئیں۔
علیمہ خان نے یہ بھی کہا کہ ہم یہاں اکیلے ٹھیک ہیں، بانی چیئرمین کےلیے کھڑے ہیں اور اڈیالہ کے باہر 10 ہزار پارٹی عہدیداروں کو جمع کرانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ جو سزایافتہ نہیں ہیں وہ کیوں نہیں آکر یہاں بیٹھتے، سارے ایم این ایز،ایم پی ایز اور سینیٹرز کو یہاں آکر بیٹھنا چاہیے، ارکان پارلیمان وقت نکل آئیں۔