کراچی میں شہری سے ساڑھے 8 ہزار امریکی ڈالر ڈیجیٹل کرنسی لوٹنے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان واردات کے بعد اسلام آباد فرار ہوگئے تھے۔ واپس کراچی پہنچے تو پولیس نے پکڑ لیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) آصف بلوچ نے جیو نیوز کو بتایا کہ 22 اپریل کو گلستان جوہر کے رہائشی نوجوان کو ایئرپورٹ کے قریب ایک پیٹرول پمپ سے ڈبل کیبن گاڑی میں سوار افراد زبردستی اغوا کرکے لے گئے تھے اسے مختلف سڑکوں پر گھمایا، تشدد کا نشانہ بنایا اور اس دوران اس کے ڈیجیٹل والٹ سے 8 ہزار 600 امریکی ڈالر ٹرانسفر کرلیے جبکہ اس کے دو بیش قیمت موبائل فون اور لیپ ٹاپ بھی چھین لیا۔
واردات کے بعد ملزمان نوجوان کو کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی آصف بلوچ نے مزید بتایا کہ اے وی سی سی نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا اور ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر کچھ لیڈز ملیں جس پر ملزمان کا پتا لگایا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ اسلام آباد فرار ہوچکے ہیں اس کے بعد وہ جیسے ہی واپس کراچی پہنچے تو انھیں ایئرپورٹ کے علاقے سے ہی گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے گروہ میں مزید افراد بھی شامل ہیں جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔