امریکا کی ایران کے ساتھ ڈیل ہو نہ ہو لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹوں کی ڈیل ضرور ہونے جا رہی ہے۔
امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق امریکی فضائیہ نے ٹرمپ کے بیٹوں کی حمایت یافتہ کمپنی سے انٹرسیپٹر ڈرون خریدنے پر اتفاق کرلیا، امید کی جا رہی ہے کہ معاہدے سے دفاعی مصنوعات میں استعمال ہونے والی دھاتوں کے لیے امریکا کا چین پر انحصار ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
ٹرمپ کے بیٹوں کی حمایت یافتہ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے ساتھ انٹرسیپٹر ڈرونز کی فراہمی کا معاہدہ کیا ہے، تاہم ڈرونز کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔
کمپنی کے شریک بانی بریٹ ویلیکووچ نے اس معاہدے کو میرٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوجی ادارے کسی کمپنی کو اس کے سرمایہ کاروں کی بنیاد پر نہیں بلکہ ضرورت کے تحت منتخب کرتے ہیں۔
یہ ڈرون جسے ’’گارڈین-2‘‘ کہا جاتا ہے، کم لاگت، نیم خودکار اور تیز رفتار ہے اور اسے خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں ایرانی ساختہ ’’شاہد‘‘ طرز کے حملہ آور ڈرونز کے مقابلے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی جریدے کا دعویٰ ہے کہ صدر ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ کی دولت 8 ماہ میں 190 ملین ڈالر سے 280 ملین ڈالر ہوگئی ہے۔