• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے معاہدہ جوہری خطرے کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائے گا: نیتن یاہو

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو—فائل فوٹو
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو—فائل فوٹو

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم گفتگو ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کوئی بھی معاہدہ جوہری خطرے کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائے گا۔

نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایران کی یورینیئم کی افزودگی کی تنصیبات ختم کی جائیں اور جوہری مواد کو ایرانی سر زمین سے ہٹایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری پالیسی اور صدر ٹرمپ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم کے مطابق ٹرمپ نے اسرائیل کے حقِ دفاع کی بھی دوبارہ حمایت کی ہے، خاص طور پر لبنان سمیت دیگر محاذوں پر درپیش خطرات کے تناظر میں۔

دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہو گئی ہیں، جبکہ مذاکرات میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مذاکرات منظم اور مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور میں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی جلد بازی سے کام نہ لیا جائے کیونکہ وقت ہمارے حق میں ہے۔

امریکی صدر نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ امریکا کے تعلقات زیادہ پیشہ ورانہ اور تعمیری سمت میں جا رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو یہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک بڑی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید