رحیم یار خان کچے کے علاقے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے 23 ارب کے ترقیاتی فنڈ کے اعلان کے بعد کچے میں جشن کا سماں ہے۔ سرینڈر کرنے والے سابق ڈاکوؤں نے مریم نواز کے حق میں ریلی نکال کر شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کے اعلان کے بعد کچے کے علاقے گڑھی خیر محمد جھک میں کچے کے سابق اشتہاری ڈاکوؤں نے 'شکریہ مریم نواز' ریلی نکالی۔
ریلی کے شرکاء نے پنجاب حکومت، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور روایتی موسیقی پر جھومر کھیلی اور رقص کیا۔
سرینڈر کرنے والے سابق ڈاکو میرا لٹھانی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عام معافی کے اعلان کے بعد انہوں نے ہتھیار ڈال دیے۔ مریم نواز نے کچے کو پکا بنا دیا ہے۔
سرینڈر ہونے والے شبیر لٹھانی نے خبردار کیا کہ جن پولیس اہلکاروں نے انہیں ڈاکو بنایا اگر وہ دوبارہ تعینات ہوئے تو ماحول پھر خراب ہو جائے گا۔