امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کرپشن اور مافیا کلچر پاکستان کے مسائل کی جڑ ہیں، جنہوں نے ملک کو اپنے شکنجے میں جکڑ رکھا ہے۔
دیر بالا میں جلسے سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 25 کروڑ عوام پر چند لوگوں نے اپنی اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند خاندان مختلف ناموں، مختلف جماعتوں اور مختلف نعروں کے ساتھ بار بار اقتدار میں آتے ہیں، آئی پی پیز، گیس، چینی اور آٹا مافیا نے پاکستان کا گھیراؤ کر رکھا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پیٹرول کی لیوی غریب عوام ادا کرتے ہیں، ناجائز طریقے سے 160 روپے لیوی لی جا رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ موٹر سائیکل چلانے والے سال میں 550 ارب اور تنخواہ دار طبقہ سالانہ 650 ارب روپے کا ٹیکس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے کسان اور جاگیر دار سالانہ صرف 10 سے 12 ارب روپے ٹیکس دیتے ہیں، یہ ٹیکس معاف کراتے ہیں اور ایک دوسرے کا تحفظ کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عدالتی نظام بغیر سفارش اور دولت کے انصاف فراہم نہیں کرتا، غریب عوام حصول انصاف کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتے۔