مصر کے معروف گلوکار ہانی شاکر طویل علالت کے بعد 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ’عربی گلوکاری کا شہزادہ‘ کہلائے جانے والے گلوکار صحت کے کئی پیچیدہ مسائل کی وجہ سے فرانس میں زیرِ علاج تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دورانِ علاج ابتدائی طور پر بہتری کے آثار ظاہر ہوئے لیکن پھر اچانک طبیعت دوبارہ بگڑنے لگی جس کے بعد اُنہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔
21 دسمبر 1952ء کو قاہرہ میں پیدا ہونے والے ہانی شاکر عرب دنیا کی سب سے نمایاں آوازوں میں سے ایک تھے اور عربی موسیقی کے لیے ایک اہم شخصیت تھے۔
انہوں نے بطور گلوکار اپنے کیریئر کا باضابطہ طور پر آغاز 1972ء میں کیا تھا۔
ہانی شاکر نے اپنے پورے کیریئر کے دوران عرب دنیا کے معروف شاعروں اور موسیقاروں کے ساتھ مل کر 600 سے زیادہ گانے اور تقریباً 29 البمز جاری کیے۔