• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جان ریمبو کا انڈسٹری میں امتیازی سلوک و ناانصافیوں کا انکشاف


جان ریمبو—فائل فوٹو
جان ریمبو—فائل فوٹو

پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار افضال خان المعروف جان ریمبو نے ٹیلی وژن انڈسٹری میں فنکاروں کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک اور کرداروں کی تقسیم کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

جان ریمبو پاکستان کی فلمی صنعت کے مقبول ستاروں میں شمار ہوتے ہیں اور انہوں نے اپنے طویل کیریئر کے دوران سینکڑوں فلموں میں کام کیا ہے، وہ خاص طور پر اپنی شاندار مزاحیہ اداکاری اور رقص کی صلاحیتوں کے باعث شہرت حاصل کر چکے ہیں۔

حال ہی میں جان ریمبو نے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے فلم سے ٹیلی وژن کی جانب منتقلی کے بعد درپیش مسائل اور انڈسٹری میں کرداروں کی تقسیم سے متعلق گفتگو کی۔

جان ریمبو بھی ان فنکاروں میں شامل ہیں جنہوں نے فلمی صنعت کے زوال کے بعد ٹیلی وژن کا رخ کیا، اگرچہ وہ متعدد ڈراموں میں نظر آ چکے ہیں، تاہم زیادہ تر انہیں مزاحیہ کردار ہی دیے گئے۔

اداکار کا کہنا ہے کہ اس وجہ سے میں ایسے سنجیدہ اور مضبوط کردار ادا کرنے سے محروم رہا جن کی مجھے خواہش تھی۔

گفتگو کے دوران جان ریمبو نے کہا کہ ماضی میں جاوید شیخ اور ندیم بیگ جیسے اداکار کہانی کے مرکزی کرداروں میں نظر آتے تھے اور انہیں حقیقی معنوں میں کردار ادا کرنے کے مواقع ملتے تھے جبکہ مجھ جیسے نوجوان اداکاروں کو عموماً رقص یا ایکشن مناظر تک محدود رکھا جاتا تھا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب میرے لیے عمر اور تجربے کے اعتبار سے مضبوط اور سنجیدہ کردار ادا کرنے کا وقت آیا تو فلمی صنعت زوال کا شکار ہو چکی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹیلی وژن انڈسٹری بھی مجھے میری صلاحیتوں کے مطابق کردار فراہم نہیں کر رہی۔

جان ریمبو نے یہ بھی کہا کہ میں آج بھی کام کرنے کی بھرپور توانائی رکھتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ مجھے ایسے معیاری اور باوقار کردار دیے جائیں جن کے ذریعے میں اپنی اداکاری کی مکمل صلاحیتوں کا اظہار کر سکوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید