نصرپور(نامہ نگار)اڈیرولال اسٹیشن کے گاؤں نوبت مری میں پرائمری اسکول کی عمارت جو کہ 1991 میں تعمیر ہوئی تھی اسکے بعد سے مرمت نہیں ہوسکی ہے جس کی وجہ سے عمارت میں دراڑیں پڑگئی ہیں گزشتہ روز اسکول کی چھتوں کا پلاسٹر گرنے کے باعث طلبہ اور اساتذہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم اس عمارت کی مخدوش حالت کی وجہ سے 300 طلبہ اور اساتذہ کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔ اسکول کے ایک استاد کے مطابق ہم نے ڈسی سی مٹیاری سمیت محکمہ تعلیم کے افسران کو متعدد بار شکایات کی مگر معاملہ جوں کا توں ہے اس ضمن میں نوبت مری کے دیہاتیوں محمد خاص خیلی اکبر خاص خیلی رب ڈنو مبارک خاص خیلی علی خان اور دیگر نے محکمہ تعلیم مٹیاری کے افسران کے خلاف اڈیرولال میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ اسکول کی عمارت کو 25 سال سے زائد وقت گزرگیا ابھی تک مرمت نہیں کی گئی ہے انہوں نے حکام بالا سے اسکول کی نئی عمارت تعمیر کرکے اساتذہ اور فرنیچر کی قلت کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔