پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکاروں کنزا ہاشمی اور علی رضا نے پہلی بار اپنے تعلق اور ابتدائی اختلافات سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔
دونوں اداکار اس وقت ایک ڈرامے میں اپنی اداکاری کے باعث خوب تعریفیں سمیٹ رہے ہیں، اس کے علاوہ کنزا ہاشمی اور علی رضا کو مختلف تقریبات میں بھی اکثر ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے، جس کے باعث مداحوں میں ان کے تعلق سے متعلق چہ مگوئیاں جاری رہتی ہیں۔
حال ہی میں دونوں فنکاروں نے ایک انٹرویو میں اپنے رشتے کی حقیقت بیان کی۔
گفتگو کے دوران کنزا ہاشمی نے بتایا کہ ہم ڈرامے سے پہلے بھی ایک دوسرے کو جانتے تھے بلکہ ہم دشمن تھے، ابتداء میں ہمیں ایک کمرشل کے لیے ایک ساتھ سائن کیا گیا تھا، پروڈکشن نے الگ کمرے دیے تھے لیکن میک اپ ایریا مشترکہ تھا، میں میوزک سن رہی تھی کہ علی رضا آئے، انہوں نے اپنا اسپیکر آن کیا، ماحول کو ہلکا پھلکا بنایا اور سب سے باتیں شروع کر دیں، سوائے میرے۔
کنزا نے کہا کہ میں نے اسی وقت سوچ لیا تھا کہ یہ بہت اوور اسمارٹ ہیں، اگلے دن ہم ایک ٹرینڈ بنانے کی بات کر رہے تھے، انہوں نے ہماری بات سن لی اور کہا کہ میں یہ ٹرینڈ تم سے پہلے بنا دیتا ہوں اور واقعی انہوں نے ایسا ہی کیا، اس کے بعد مجھے وہ مزید روڈ لگے اور میں نے فیصلہ کر لیا کہ یہ مغرور ہیں۔
دوسری جانب علی رضا نے بھی صورتِ حال پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے درمیان کئی غلط فہمیاں پروڈکشن ٹیم کی وجہ سے پیدا ہوئیں، وہ ادھر کی بات ادھر پہنچا کر ہمارے درمیان فاصلے بڑھا رہے تھے، بعد میں ہماری ملاقات ایئر پورٹ پر ہوئی جہاں ہم نے بیٹھ کر تمام غلط فہمیاں دور کر لیں۔
علی رضا کے مطابق میں کافی شاپ میں بیٹھا تھا کہ کنزا آئیں اور انہوں نے مجھے ہائے کہا، اس کے بعد ہماری دوستی ہو گئی اور ڈرامے سے پہلے ہی ہم اچھے دوست بن چکے تھے۔