• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’مہا بھارت بھی چھوٹی نظر آئے گی‘: کپور خاندان تنازع پر بھارتی سپریم کورٹ کے ریمارکس

---فوٹو بشکریہ ببھارتی میڈیا
---فوٹو بشکریہ ببھارتی میڈیا 

بھارت کے امیر ترین خاندانوں میں شامل کپور خاندان میں جائیداد کے تنازع نے نیا رُخ اختیار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران جسٹس جے بی پاردی والا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ اس معاملے کے سامنے مہابھارت بھی چھوٹی لگنے لگے گی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کپور خاندان تنازع کیس میں ہونے والی نئی پیش رفت کے مطابق آنجہانی صنعت کار سنجے کپور کی والدہ رانی کپور نے عدالتِ عظمیٰ سے درخواست کی ہے کہ 18 مئی کو ہونے والے راگھونشی انویسٹمنٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈ اجلاس کو روکا جائے۔

ان کا مؤقف ہے کہ یہ اجلاس عدالتی ثالثی کے عمل کو نظر انداز کرنے کی کوشش ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کمپنی تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے کی متنازع خاندانی جائیداد کا بڑا حصہ سنبھالتی ہے، رانی کپور نے سنجے کپور کی تیسری اہلیہ پریا کپور پر خاندانی ٹرسٹ کے معاملات میں مداخلت کا بھی الزام لگایا ہے۔

سپریم کورٹ نے اس تنازع کے حل کے لیے سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچور کو ثالث مقرر کیا ہے۔ 

تنازع آر کے ٹرسٹ، سونا کامسٹار اور کپور خاندان کی دیگر کمپنیوں سے متعلق ہے۔

دوسری جانب سنجے کپور کی دوسری اہلیہ اداکارہ کرشمہ کپور کے بچوں کیان اور سمائرا نے بھی پریا کپور پر وصیت میں جعلسازی کا الزام عائد کیا ہوا ہے۔

خاندان کے مختلف افراد کے درمیان ہتکِ عزت اور جائیداد سے متعلق کئی مقدمات عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں جبکہ عدالت نے تمام فریقین کو وقار کے ساتھ رویہ اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید