• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنجے کپور کا 30 ہزار کروڑ کا بزنس ایمپائر، پریا سچدیو تنازع کی زد میں

فوٹو بھارتی میڈیا
فوٹو بھارتی میڈیا

بھارت کے آنجہانی بزنس مین سنجے کپور کی اہلیہ پریا سچدیو کپور کے خلاف خاندانی کاروبار پر تنازع شدت اختیار کر گیا، وہ 30 ہزار کروڑ مالیت کے کاروبار کو کنٹرول کرنے کیلئے خاندانی تنازع کی زد میں آگئیں۔

آنجہانی سنجے کپور کی اہلیہ پریا سچدیو کپور جو سونا کومسٹر گروپ کی سرمایہ کاری کمپنی اوریوز انویسٹمنٹ کی ڈائریکٹر بھی ہیں، خاندانی کاروبار کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے قانونی اور سماجی دباؤ کا سامنا کررہی ہیں، جبکہ سونا گروپ کی باگ ڈور پر تنازع شدت اختیار کر چکا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  سنجے کپور کی والدہ رانی کپور نے سونا گروپ کے بورڈ کو آج لکھے گئے خط میں اپنی حیثیت میں سب سے بڑی شیئر ہولڈر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بیٹے کی موت کے بعد انہیں "بغیر وضاحت کے مختلف دستاویزات پر دستخط کرنے پر مجبور کیا گیا"۔

رانی کپور نے ان دستاویزات کی بنیاد پر "کچھ افراد" (جن کا اشارہ پریا کی طرف سمجھا جا رہا ہے) کو خاندان کی نمائندگی کا غلط دعویٰ کرنے کا الزام دیا ہے۔

پریا سچدیو کپور کون ہیں؟

پریا دہلی میں پیدا ہوئیں اور وہ آٹو موبائل ڈیلر اشوک سچدیو کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) سے ریاضی اور بزنس مینجمنٹ میں تعلیم حاصل کی اور مختصر عرصہ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس میں بھی تعلیم حاصل کی۔

انہوں نے نے ماڈلنگ کے ذریعے شہرت حاصل کی اور 2005 میں بالی ووڈ فلم "نیل این نکی" میں ایک مختصر کردار ادا کیا۔

اپنے کیریئر کا آغاز انہوں نے لندن میں کریڈٹ سوئس فرسٹ بوسٹن میں مرجرز اور ایکوزیشنز کے شعبے سے کیا، بعد میں بھارت واپسی پر آٹو موٹو ریٹیل، انشورنس، فیشن اور ای کامرس کے شعبوں میں کام کیا۔

پریا نے بھارت میں ایک مارکیٹنگ کمپنی  قائم کی اور بھارت کے پہلے لگژری ای-کامرس پلیٹ فارم کی شریک بانی بھی رہیں، وہ سونا گروپ کی سرمایہ کاری فرم، اوریوز انویسٹمنٹ  کی ڈائریکٹر بھی ہیں۔

ذاتی زندگی:

پریا کی پہلی شادی امریکی بزنس مین وکرم چٹوال سے ہوئی تھی جو 2011 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ 2017 میں انہوں نے سنجے کپور سے شادی کی، جن سے ان کا ایک بیٹا آزاریا ہے۔

واضح رہے کہ سنجے کپور جو آٹو موبائل انڈسٹری کے معروف صنعتکار اور بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر تھے، 2003 سے 2016 تک ان کی کرشمہ کپور سے شادی رہی تھی، اس سے قبل ان کی پہلی شادی 1996 سے 2000 تک فیشن ڈیزائنر نندیتا مہتانی سے رہی۔

2017 سے وہ ماڈل اور اداکارہ پریا سچدیو کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک تھے، 12 جون 2024 کو وہ لندن میں پولو کھیلتے ہوئے 53 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید