وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا مستقبل اُن کے اپنے ہاتھوں میں ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں جیو نیوز سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست نہیں بلکہ ہمیشہ محاذ آرائی کی ہے، اگر وہ سیاستدان ہیں تو میرا ان کو مشورہ ہے کہ وہ سیاست کریں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت جہاں موجود ہیں اس کا کوئی اور نہیں بلکہ ان کا اپنا انداز ذمہ دار ہے۔ سیاسی لیڈر اس راستے سے اپنے آپ کو آگے نہیں بڑھا سکتا، بانی پی ٹی آئی کا مستقبل ان کے اپنے ہاتھوں میں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغانستان اپنی سرزمین کو دہشت گردی کےلیے استعمال ہونے سے روکے، پاکستان میں جتنی دہشت گردی ہوتی ہے سب کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں دہشت گردی کے ٹریننگ سینٹر ہیں، وہاں سے لوگ پاکستان آکر دہشت گردی کرتے ہیں، دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ ہوئی ہے، اُمیدواروں اور ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق ایک سب کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی اُمیدواروں سے متعلق رپورٹ بنا رہی ہے، ٹکٹوں کی تقسیم اور حتمی امیدواروں کا فیصلہ نواز شریف کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو ایشوز سیکیورٹی سے متعلق ہیں بلکہ اس وقت زیادہ تر فیصلے عسکری اورسیاسی قیادت کی مشاورت سے ہو رہے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ محسن نقوی کابینہ کے رکن ہیں اور کابینہ انفرادی نہیں اجتماعی ذمے دار ہوتی ہے، اگر آپ کو ان کے فیصلوں پر اعتراض ہے تو سامنے لائیں۔