آئی ایم ایف کی پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت تیسرے جائزے اور لچک و پائیداری سہولت کے انتظام کے تحت دوسرے جائزے کی رپورٹ جاری کردی گئی۔
آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق مضبوط پالیسی اقدامات کے تسلسل نے پاکستان کی معاشی بحالی کو سہارا دیا ہے، اعتماد کو بڑھایا ہے اور معیشت کی بیرونی جھٹکوں کے مقابلے میں مزاحمت کو مضبوط کیا ہے۔
مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں جی ڈی پی کی نمو میں تیزی آئی، جبکہ مہنگائی قابو میں رہی، کرنٹ اکاؤنٹ مجموعی طور پر متوازن رہا، اور زرمبادلہ کے ذخائر کی بحالی سابقہ اندازوں سے بہتر رہی۔ تاہم، مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے اثرات نے پاکستان کے قریبی مدت کے معاشی منظرنامے کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔
جائزہ رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں کہ حالات کس سمت جائیں گے، بنیادی منظرنامے کے تحت خدشہ ہے کہ یہ جنگ مہنگائی پر اوپر کی جانب دباؤ ڈالے گی اور معاشی نمو اور ادائیگیوں کے توازن کو متاثر کرے گی، تاہم مجموعی اثرات محدود رہنے کی توقع ہے اس کے باوجود، منفی خطرات بدستور بہت زیادہ ہیں۔