آذربائیجان کے شہر’’باکو‘‘ میں میجک برین کے عنوان سے بین الاقوامی مقابلہ28 تا 29مارچ 2026 کو منعقد ہوا تھا، جس میں پاکستان کے محمد طہٰ بھی شامل تھے۔ ان مقابلوں میں شرکت کے لیے آرچڈاسکول کے طالبِ علم محمد طہٰ کو ’’باکو‘‘جانا تھا، مگر اُس خطے میں کشیدگی کی وجہ سے مقابلے کے منتظمین نے ان کو آن لائن شرکت کی ہدایت کی۔ مقررہ دن مقابلہ ہوا۔
محمدطہٰ صدیقی نے اپنی کیٹگیری میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا۔ اس حوالے سے طہٰ کا کہنا ہے کہ آن لائن رابطوں میں دشواریاں نہ ہوتیں تو میں پہلی پوزیشن ضرور حاصل کرتا۔ مقابلہ جیتنے کے بعد منتظمین نے مجھے ٹرافی اور سند پاکستان بھجوائی۔ بعد ازاں ایک اور بین الاقوامی مقابلے کا انعقاد میرے اسکول ہی میں ’’اسپرٹ آف میتھ‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوا۔
مقابلے میں 30 سے زائد ممالک کے طلبا و طالبات نے حصّہ لیا۔ میں نے92. 5فی صد نمبرز حاصل کر کے پروونشیل چمپیئن ٹرافی اپنے نام کی۔ طہٰ نے مزید بتایا کہ ’’باکو‘‘ میں ہونے والے مقابلے میں میرے اسکول کے دو طالب علم عالمی حالات خراب ہونے سے پہلے وہاں پہنچ چکے تھے، انھوں نے بھی وہاں سنیئر کیٹیگری میں چیمپین شپ ٹرافیاں جیتی ہیں۔
طہٰ آرچڈ اسکول میں پانچویں جماعت میں زیرِ تعلیم ہیں۔ پاکستان میں مائنڈ ایکسپلورز (mind explorers) کی طرف سے طہٰ کو بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کا دعوت نامہ ملا تھا۔ یہ ادارہ ’منٹیل میتھ اینڈروبوٹک‘ کورس کراتے ہیں۔ طہٰ نے اس ادارے سے میتھس کے مختلف کورس کیے تھے۔ اس کی قابلیت کو دیکھتے ہوئے ادارے نے طہٰ کا انتخاب کیا۔