حیدر آباد سمیت سندھ کے 9 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 13 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
حیدرآباد، جامشورو، دادو، سجاول، سکھر، نوشہروفیروز، میرپورخاص، جیکب آباد اور گھوٹکی میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ رکن ڈسٹرکٹ کونسل کی 5 اور چیئرمین کی 2 نشستوں، وائس چیئرمین کی 2 اور جنرل وارڈ ممبر کی 4 نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی بلدیاتی انتخابات میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 98 ہزار 808 ہے جن میں 53 ہزار 832 مرد اور 44 ہزار 976 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ آج ہونے والے انتخابی عمل کے لیے 73 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 59 کو انتہائی حساس اور 11 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے یہ بھی بتایا ہے کہ 45 نشستوں پر امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں جن میں 8 چیئرمین، 6 وائس چیئرمین اور دیگر امیدواروں کو کامیاب قرار دیا جا چکا ہے۔