کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبہ سندھ کے 9 اضلاع میں خالی ہونے والی 13 مختلف لوکل کونسلز کی نشستوں پر 17 مئی کو ہونے والے انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ یہ ضمنی انتخابات حیدرآباد، جامشورو، دادو، سجاول، سکھر، گھوٹکی، نوشہروفیروز، میرپورخاص اور جیکب آباد اضلاع کی مختلف کائونسلز میں منعقد ہوں گے۔ضمنی بلدیاتی انتخابات میں ممبر ڈسٹرکٹ کونسل کی 5، چیئرمین کی 2، وائس چیئرمین کی 2 جبکہ جنرل وارڈ ممبر کی 4 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔ انتخابی عمل کےصاف، شفاف اور آزادانہ انعقاد کے لیے 9 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، 12 ریٹرننگ افسران، 9 ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور 12 مانیٹرنگ افسران تعینات کیے گئے ہیں۔