• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صابری سسٹرز کی تصویر ٹائم اسکوائر پر آویزاں

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی موسیقی کی معروف جوڑی صابری سسٹرز کو نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر میں اسپاٹی فائے (Spotify) کے ڈیجیٹل بل بورڈ پر نمایاں کیا گیا ہے۔

یہ اعزاز اسپاٹی فائے کے ایکول پروگرام کے تحت دیا گیا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کی خواتین فنکاروں کو فروغ دینا اور انہیں عالمی سطح پر شناخت فراہم کرنا ہے۔

2 بہنوں انعمتہ صابری اور سمن صابری پر مشتمل اس جوڑی کی تصویر 17 جون کو بل بورڈ پر آویزاں کی گئی، دونوں بہنیں ان پاکستانی خواتین فنکاروں میں شامل ہیں جنہیں حالیہ برسوں میں اس پروگرام کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا گیا ہے۔

صابری سسٹرز کا تعلق جنوبی ایشیاء کے ممتاز قوال گھرانوں میں شمار ہونے والے صابری گھرانے سے ہے، وہ نامور قوال مرحوم امجد صابری کی بھتیجیاں ہیں، جبکہ ان کا خاندان مشہور صابری برادران جیسی عظیم شخصیات کا بھی وارث رہا ہے، اس خاندان نے کئی نسلوں سے قوالی کی روایت کے فروغ اور تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

صابری سسٹرز کو پہلی بار 2017ء میں اپنے مرحوم چچا امجد صابری کو خراجِ عقیدت پیش کرنے والے گیت کے ذریعے وسیع شہرت حاصل ہوئی تھی، اس کے بعد انہوں نے عاصم اظہر، عاطف اسلم اور فرحان سعید سمیت متعدد معروف گلوکاروں کے ساتھ کام کیا۔

اس اعزاز پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے صابری سسٹرز نے کہا کہ اسپاٹی فائے کے ایکول پروگرام کے ذریعے پاکستان کی نمائندگی کرنے والے فنکاروں کی فہرست میں شامل ہونا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عابدہ پروین اور صنم ماروی جیسی ممتاز شخصیات کے نقشِ قدم پر چلنا ہمارے لیے ایک خصوصی اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔

صابری سسٹرز اس وقت 2026ء کے موسمِ گرما میں اپنے پہلے برطانیہ کے دورے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جہاں وہ روایتی قوالی اور جدید موسیقی کا امتزاج پیش کریں گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید