صوابی( نمائندہ جنگ ) آدینہ ضلع صوابی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایڈیشنل ایس ایچ او سید الابرار خان جاں بحق ہو گئے۔پولیس تھانہ کالو خان کی رپورٹ کے مطابق سید الابرار خان گزشتہ صبح موٹر کار سے اُتر کر گاؤں آدینہ پُل کے قریب ایک دکان سے سودا خریدنے جارہے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا جنہیں فوری طور پر مردان ہسپتال منتقل کر دیا گیا بعد ازاں مردان ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، سید الا برار خان ضلع صوابی کے مختلف تھانوں میں خدمات انجام دینے کے بعد اینٹی کار لفٹنگ سیل ضلع صوابی کا انچارج مقرر کیا گیا تھا سیل میں کافی عرصہ تک ڈیوٹی انجام دینے کے بعد حال ہی میں ان کا تبادلہ پولیس چوکی مناگی نوشہرہ کو بحیثیت ایڈیشنل ایس ایچ او ہو ا تھا ، ان کا تعلق مردان کے علاقہ شاہ ڈنڈ بابا گھڑی سے تھا جبکہ موضع کالو خان میں رہائش پذیر تھے مقتول کی نماز جنازہ پولیس لائن نوشہرہ میں ادا کر نے کے بعد اپنے گاؤں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔جنازہ میں ڈی آئی جی مردان ،ڈی پی او صوابی جاوید اقبال خان و دیگر پولیس آفسران و اہلکاروں نوشہرہ اور مردان پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔