جنسی زیادتی کیسز میں نامزد بھارتی کھلاڑی، انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلورو کے فاسٹ بولر یش دیال نے آئی پی ایل 2026ء میں عدم شرکت پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔
یش دیال نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ ٹورنامنٹ سے دور رہنا میرا ذاتی فیصلہ نہیں تھا، انہوں نے واضح کیا کہ میں اب بھی ٹیم کا حصہ ہوں اور فرنچائز نے مجھے ریٹین بھی رکھا ہے۔
یش دیال نے مزید کہا کہ میں ٹیم کو بہت یاد کرتا ہوں اور میچز ٹی وی پر دیکھ کر جذباتی ہو جاتا ہوں، ان کے مطابق فرنچائز انتظامیہ نے انہیں ریپلیس بھی نہیں کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیم انہیں اہم کھلاڑی سمجھتی ہے۔
یش دیال نے کہا کہ آئی پی ایل سے باہر ہونے کے حوالے سے جو بیان دیا گیا وہ مکمل حقیقت نہیں تھا، ایسے فیصلے اتھارٹی کی جانب سے کیے جاتے ہیں اور مجھے اصل وجہ کا علم نہیں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ میرا رابطہ اب بھی ٹیم مینجمنٹ، کوچنگ اسٹاف اور دنیش کارتک سے برقرار ہے اور دونوں جانب سے کوئی اختلاف یا کمیونیکیشن گیپ نہیں۔
واضح رہے کہ یش دیال اس وقت 2 سنگین مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔
پہلا مقدمہ غازی آباد میں درج ہوا جس میں ایک خاتون نے شادی کا جھانسہ دے کر جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے جبکہ دوسرا مقدمہ جے پور میں درج ہے جہاں ایک لڑکی نے الزام عائد کیا ہے کہ یش دیال نے 2 سال تک زیادتی کی اور کرکٹ میں کیریئر بنانے کا لالچ دیا۔
متاثرہ لڑکی کی عمر مبینہ طور پر 17 سال تھی جس کے باعث مقدمہ پوکسو ایکٹ کے تحت بھی درج کیا گیا ہے۔